ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سورتکل ٹول گیٹ تنازعہ : آدھی رات کے وقت احتجاجیوں کے خلاف پولیس کا کریک ڈاون

سورتکل ٹول گیٹ تنازعہ : آدھی رات کے وقت احتجاجیوں کے خلاف پولیس کا کریک ڈاون

Sun, 16 Oct 2022 19:29:04    S.O. News Service

منگلورو 16 / اکتوبر (ایس او نیوز) سورتکل ٹول گیٹ ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرے کرنے والے لیڈروں اور کارکنان کے خلاف پولیس نے آدھی رات کو دھاوا بولا اور ان کے گھروں میں گھس کر تلاشیاں لینے کے علاوہ تقریباً 100 سے زائد افراد پر زبردستی نوٹس جاری کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ وہ ضمانت (بیل) کے علاوہ دو لاکھ روپے کا بونڈ فراہم کریں اور کل پیر کے دن پولیس کمشنر دفتر میں حاضری دیں ۔ 

یاد رہے کہ برسہا برس سے سورتکل ٹول گیٹ ہٹانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے مگر نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا کی طرف سے بار بار وعدہ کرنے کے باوجود اصولی طور پر اس غیر قانونی ٹول گیٹ کو  ہٹایا نہیں جا رہا ہے  ۔ اس مطالبہ کو لے کر سرکار پر دباو بنانے کے لئے جو احتجاجی کمیٹی بنائی گئی تھی اس کی طرف سے اعلان کیا گیا تھا کہ 18 اکتوبر ٹول گیٹ کا محاصرہ کیا جائے گا ۔ 

اس پس منظر میں ضلع انتظامیہ نے سورتکل ٹول گیٹ ورودھی سمیتی سے کہا تھا کہ وہ ٹول گیٹ کا گھیراو کرنے کا پروگرام واپس لے ، لیکن کمیٹی نے صاف انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ احتجاجی مظاہرہ ہو کر رہے گا اور ٹول گیٹ ہٹنے کے بعد ہی اسے ختم کیا جائے گا ۔ بی جے پی کو چھوڑ کر باقی تمام سیاسی پارٹیوں نے ٹول گیٹ ہٹانے کے معاملہ میں احتجاجی کمیٹی کی حمایت کا اعلان کیا ہے ۔

احتجاجی کمیٹی کا موقف دیکھتے ہوئے پولیس نے آدھی رات کو کریک ڈاون کیا اور احتجاجی مظاہرے پر روک لگانے کی تیاری کی ۔ لیکن ڈی  وائی ایف آئی کے ریاستی صدر منیر کاٹیپلّا نے کہا ہے کہ پولیس کی طرف سے کیے گئے اقدام سے وہ لوگ پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں بلکہ احتجاجی مظاہرا منصوبہ کے مطابق منعقد ہوگا ۔


Share: